کم وقت زیادہ کامیابی
How to put more time in your Life کم وقت زیادہ کامیابی
کم وقت زیادہ کامیابی کا تعارف
اگرآپ کی اکثر یہ تمنا رہی ہے کہ روزانہ کے اوقات کار میں کسی طرح سے ایک گھنٹے کا اضافہ ہو جائے ، تو پھر یہ کتاب خاص آپ ہی کے لیے لکھی گئی ہے ، البتہ وہ پچیسواں گھنٹہ جس کے آپ کم وقت زیادہ کامیابی کے خواہش مند ہیں یہ کتاب کسی چھومنتر کے ذریعے آپ کو مہیا نہیں کر سکتی البتہ وقت سے کما حقہ، فائدہ اٹھانے کی وہ تمام راہیں سجھا سکتی ہے جن سے آپ ہمیشہ ہمیشہ مستفید ہونے کی پوزیشن میں آ جائیں گے اور وقت کا بھرپور استعمال بہت ہی مثبت اور بہتر انداز میں کرتے ہوئے زندگی کا لمحہ لمحہ آپ اپنا باجگزار بنا لیں گے۔
قیمتی وقت کا بہتر استعمال
اپنے قیمتی وقت کا بہتر استعمال جس انداز میں آپ کرنے لگیں گے ویسا تو آپ نے کبھی سوچا بھی نہ ہو گا کہ آپ منٹ، گھنٹے، دن ، مہینے اور سال کیونکر بہار آشنا کیے جا سکتے ہیں۔ آپ وقت کو فتح کر لیں گے، لمحوں کا طلسم آپ پر کھل جائے گا اور زندگی کے تمام رنگ، رعنائیاں، تسکین اور راحتیں آپ اپنی عمر کی دہلیز پر ہر آن تیار پائیں گے۔
وقت کا بہترین استعمال کیا ہے، اس میں مچلتی افادیتوں اور کنارے توڑ کر باہر امڈتی ہوئی وقت کی طاقت کا ادراک اور اس ادراک کے بعد ان افادیتوں، توانائیوں سے پورے طور استفادہ کرنے کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہی وقت کا بہترین استعمال ہے۔ اس کتاب کے سنجیدہ مطالعہ کے دوران ہی آپ وقت کے بہترین مصرف کی اہمیت اور طریقے جان چکے ہوں گے۔
بغور مطالعہ
کم وقت زیادہ کامیابی کا بغور مطالعہ ہی آپ کو اپنے نصب العین کے جلد حصول کے قابل بنائے گا۔ یوں آپ پر آپ کی کئی نفسیاتی صلاحیتیں منکشف ہوں گی۔ جو آپ کو وقت کو حصار میں لینے کے روایتی طور طریقوں سے آزاد کر دیں گی۔وقت سے بھرپور استفادہ اتنا بھی آسان کام نہیں۔ تنظیم الاوقات کے روایتی طور طریقوں سے ہٹ کے ہی وقت کے بہتر استعمال کے اصول اپنانے ہوں گے۔ تاکہ کار آمد، مفید اور تسلی بخش نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ ہمارے وقت پر اگر دوسروں کا قبضہ نہیں تو اس میں کسی نہ کسی حد تک اور کسی نہ کسی طور ان کا حصہ ضرور شامل ہے۔
یہی وجہ ہے وقت کو جس نظم و ضبط سے ہم استعمال کر رہے ہوتے ہیں۔ وہی دوسروں کے ہاتھوں اکثر پارہ پارہ ہوتا رہتا ہے۔ اس شکست و ریخت کو ہم نہیں روک سکتے،۔ہم چند حقوق و فرائض کی ادائیگی کے پابند ہیں۔ جس سماج کا ہم جزو ہیں ا س کے لیے ان حقوق و فرائض کی پابندی ہم پر قرض ہے۔ کچھ معاشرتی ذمہ داریاں ہیں۔ جنہیں لازماً ہم نے نبھانا ہے۔ ہم دوسروں سے اغماض نہیں برت سکتے۔ ہم اپنے مفاد پر دوسروں کو قربان نہیں کر سکتے۔ مل جل کر زندگی بسر کرنی ہے کسی کنج تنہائی میں ہم اپنے آپ کو غرق یا مستغرق نہیں کر سکتے۔
ذمہ داریاں ہیں اور کچھ معاشرتی مجبوریاں
کچھ ذمہ داریاں ہیں ۔اور کچھ معاشرتی مجبوریاں۔ ہم نے لوکائی میں رہ کر ہی اپنے منصوبے بنانے اور انہیں تکمیل تک پہنچانا ہے۔ ہمارے افسروں نے، ماتحتوں نے، ساتھیوں نے، ہمراہیوں نے، گاہکوں نے، اہل و عیال نے دوستوں اور والدین نے بہر طورہمارے وقت کے پنیر سے کچھ نہ کچھ ، کبھی نہ کبھی، تھوڑا یا بہت کترتے ہی رہنا ہے، ہمارے وقت، ہماری عمر، ہماری زندگی پر ان کا حق ہے اور اس حق کی ادائیگی ہم پر فرض ہے۔
لیکن ہاں ، ہاں ہم نے عمر مستعار کے لمحہ لمحہ سے، منٹ منٹ سے زندگی کا امرت رس نچوڑ لینا ہے۔وقت کی بوند کا ہزارواں حصہ بھی ضائع نہیں جانے دینا۔
انسان معاشرت سے کٹ نہیں سکتا اور معاشرے میں رہ کے اس نے وقت کو کیسے قابو میں رکھنا ہے یہی آپ پر آشکار کرنا اس کتاب کا بنیادی مقصد ہے،زندگی کے ثمرات کا حصول ہی روایتی طور پر نظم و نسق اوقات کا جواز ٹھہرتا ہے لیکن اصل نکتہ تو یہ ہے کہ وقت سے پنجہ آزمائی کرکے آپ اپنی عمر میں سال جمع کرتے جا رہے ہیں یا سالوں میں زندگی بھرتے جا رہے ہیں۔
کسی نصب العین کے حصول کے لیے سب کچھ ہی دائو پر نہیں لگا دیا جاتا، کامیابیوں کے لیے سلیقہ چاہیے اور سلیقہ پھوٹتا ہے آپ کے زندگی گزارنے، بسر کرنے کے انداز سے۔لائف سٹائل اور کامرانیوں کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔
وقت کو اپنی مرضی کے تابع رکھنے کے گُر سیکھیں
آپ جانتے ہیں ، اچھی طرح جانتے ہیں کہ آپ کو زندگی میں کیا کرنا، کیسے کرنا ہے؟ اس طرف یہ کم وقت زیادہ کامیابی کتاب آپ کی رہنمائی کرے گی۔ آپ کو ضروری معلومات بھی فراہم کرے گی اور اس کتاب میں آپ وقت کو اپنی مرضی کے تابع رکھنے کے گُر سیکھیں گے، درجنوں ایسے قابل عمل گُر جن پر عمل پیرا ہونے کے لیے جذبہ لگن اور طور طریقے اس کتاب کے مطالعہ سے آپ پرکھلیں گے۔
اس کتاب میں وقت کے نفسیاتی پہلوئوں سے بحث کرتے ہوئے بھی نفسیات کی مشکل اصطلاحات سے نفس مضمون کو بوجھل نہیں کیا گیا تاکہ ابلاغ میں آسانی رہے۔ جو جان جائیں گے بآسانی سیکھ لیں گے، جو سیکھ لیں گے اس سے فوراً استفادہ کر سکیں گے۔ یہی ہم چاہتے ہیں۔ اس کتاب میں باقاعدہ ایک لچکدار پروگرام آپ کے سامنے لایا جائے گا جسے آپ سمجھیں گے کہ آپ ہی کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
مسائل کا دبائو
حالات کا جبر، مسائل کا دبائو آپ پر کتنا ہے فقط آپ ہی جانتے ہیں اسی لیے ہمارے بتائے ہوئے حل جتنے بھی ہوں گے ان میں سے آپ کے لیے قابل عمل اور کارآمد کون سا حل ہے یہ فیصلہ بھی محض آپ ہی کریں گے پھر منتخب کردہ حل آپ پر آسان بھی ہو گا اور آپ اسے اون بھی کریں گے۔
آپ ایسےلوگوں سے واقف ہوں گے جو کہتے ہیں کہ ’’مجھے علم ہے کہ مجھے کیا کرنا ہے۔ بس مجھے یہ علم نہیں کہ میں کیونکر اپنے آپ کو جو کرنا ہے ا س کے کر چکنے پر آمادہ کر سکوں۔‘‘ یہ تو طبیعت کام کے لیے آمادہ کرنے کا مسئلہ ہے۔ مختلف معلومات کی بہم رسانی مسئلہ کا حل نہیں، ترغیب و انگیخت کو بروئے عمل لانا پڑے گا۔
آمادگی شرط ہے۔ ورزش، متوازن خوراک، معاشی منصوبہ بندی ایسے بہت سے کام ہیں ۔جو ہمارے کرنے کے ہیں۔ اور ہم میں سے کئی افراد ایسے کام پوری تندہی سے انجام دے رہے ہوتے ہیں۔ یہ اور ان جیسے اور بہت سے کام ہیں جنہیں سرانجام دینے کے لیے ۔ہمیں میلان طبع پیدا کرنا ہو گا۔ جبھی ہم وقت کا بہترین استعمال کرتے ہوئے اپنے مقصد میں کامیاب ہو سکیں گے۔
ہمارا مقصودِ نظر
اپنے آپ کو عمل کے لیے آپ کیسے آمادہ کر سکتے ہیں،۔اسی کے طور طریقے آپ پر منکشف کرنا ہی ہمارا مقصودِ نظر ہے۔ اور یہ انکشافات آپ تک پہنچ کر بھی آپ کے لیے بے کار ہیں۔ اگر آپ اپنے کو ان انکشافات، اطلاعات پر عمل کرنے ان سے فائدہ اٹھانے اور ان سے مفید نتائج اخذ کرنے کے لیے تیار نہیں کرتے۔ الغرض معلومات اور ترغیبات ہی لائف سٹائل اور اس کے شایانِ شان کامیابیوں والے تالے کی وہ چابیاں ہیں۔ جنہیں وقت کے ماہر ہاتھ صحیح موقع پر استعمال کرکے آپ پر خوش بختی کے دروازے کھول سکتے ہیں۔
مسیحائی صفات کی حامل
نتائج کے اعتبار سے مسیحائی صفات کی حامل ہے یہ کتاب کم وقت زیادہ کامیابی۔ کامیاب تشخیص اور بہترین علاج سے جب آپ متعارف ہوں گے۔ تو آپ اپنے آپ کو مکمل مسیحا کے روپ میں دیکھیں گے،اس کتاب کے ذریعے بہت سے گُر، بہت سے اصول اور بہت سے طور طریقے آپ پر منکشف ہوں گے جنہیں کام میں لا کر وقت کے بہتر سے بہترین مصرف سے مستفید ہو سکیں گے۔ مگر یاد رکھیں یہ سب کے سب گُر، اصول اور طریقے فقط آپ کی ذات کے لیے نہیں اختراع کیے گئے۔
آپ کی ضرورت کے مطابق تو چند ایک ہی ہوں گے۔ جو آپ نے اپنے لیے چن لینے ہیں ۔اور ان میں بھی جو عین آپ کے لیے موزوں ہو اس پر ساری توجہ مرکوز کر دینی ہے۔ یہی وہ خاص آئیڈیا ہے۔ جو آپ کی صلاحیتوں اور شخصیت کے عین مطابق ہے۔ کیونکہ یہ آپ ہی جانتے ہیں کہ آپ کی پرابلم کیا ہے۔ آپ کی مشکلات کیا ہیں اور کس صورتِ حال کا آپ کو سامنا ہے۔ اسی لیے ہی تو آپ ہی کا فیصلہ درست ہوگا۔
ایک پلان اور اَن گنت مشاہدات و تجربات
تکنیکی اسرار و رموز، ایک سے ایک پلان اور اَن گنت مشاہدات و تجربات سے اخذ کردہ نتائج سے مزین یہ کتاب آپ کی خفیہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں یقینا ممدو معاون ثابت ہو گی۔ وقت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے زندگی کو کامیابی و کامرانی کی سڑک پر بگٹٹ دوڑانے کے لیے جو کچھ یہ کتاب، اس کا ہر باب، ہر ورق بلکہ ہر سطر آپ کو نئے سے نئے، مفید ترین، پریکٹیکل اور آپ کی نفسیات کے عین مطابق طریقے سکھائے گی آپ چاہیں گے کہ جلدی جلدی آپ اس کے نوٹس لے لیں وقت کے صحیح استعمال کے لیے دی گئی مشقیں اور زندگی کو سنوار دینے، عمر کو لاحاصل ہونے سے بچا لینے والے اصول، ضابطے اور آزمودہ نسخے اپنی من پسند تکنیک جو آپ کو راس آ سکتی ہووہ اسی کتاب میں ملیں گے۔
کم وقت زیادہ کامیابی
کم وقت زیادہ کامیابی
Title: How To Put More Time In Your Life Author: Scott, Dru Urdu Edition Price: 8OO Publisher: Darulshaour Lahore
There are no reviews yet.